انسانی جانیں بہت قیمتی ہیں اسلئے اشیائے ضروریہ کے معیار پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی،ڈی جی سندھ فوڈاتھارٹی

اتوار 17 مارچ 2024 18:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا فخرالدین نے کہا ہے کہ انسانی جانیں بہت قیمتی ہیں اسلئے اشیائے ضروریہ کے معیار پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد پریس کلب میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ فدا حسین کھوسو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان شریف کے دوران غیر معیاری خوراک اور دیگر اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اب تک 50 سے زائد غیر معیاری دودھ، تیل اور دیگر اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور 3 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ایک ٹریننگ سکول قائم کر رہے ہیں جہاں تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی سندھ یونیورسٹی اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی میں ٹیسٹنگ لیب قائم کر رہی ہے جہاں دودھ، تیل اور دیگر مصنوعات کو سرکاری اور غیر سرکاری طور پر ٹیسٹ کیا جائے گا۔