شاہد آفریدی پنجاب پولیس کی فلاحی خدمات کے مداح نکلے

اتوار 17 مارچ 2024 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پنجاب پولیس کے فلاحی اقدامات کے مداح نکلے۔شاہد آفریدی کا سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کے ہمراہ پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر گلبرگ کا دورہ کرکے ریسکیو کئے گئے جانوروں کو سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی اور جے ایف کے کی سی ای او ذوفشاں انوشے نے شاہد آفریدی کو اینیمل ریسکیو سنٹر بارے بریفنگ دی۔

شاہد آفریدی نے پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر کو مثالی پروجیکٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق کے اس اہم سنگ میل اینیمل ریسکیو سینٹر کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کریں گے۔ پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر بے سہارا، زخمی جانوروں کے علاج معالجے و بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

دیگر صوبوں کو بھی پنجاب پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر جیسے ادارے بنانے چاہئیں۔

اے ایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز پنجاب پولیس اور جانوروں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم کے اشتراک سے قائم کئے گئے ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں پنجاب پولیس کے اینیمل ریسکیو سنٹرزفعال ہیں۔ پولیس اینیمل ریسکیو سنٹرز میں ویٹرنری ڈاکٹرز، ایمبولینس، ریسکیو اسٹاف، پولیس ٹیم موجود ہیں۔شاہد آفریدی نے مشتاق احمد کے ہمراہ سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن گلبرگ کا بھی دورہ کیا، اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو نے شاہد آفریدی کو اسپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن، سائبان دفتر کی ورکنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ شاہد آفریدی نے کہا تھانوں اور پبلک سہولیات مراکز کی اپ گریڈیشن شہریوں کو خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس کا احسن اقدام ہے۔