Live Updates

یہ حکومت نہیں صرف کرسیوں کی بندر بانٹ ہے، شاہد خاقان عباسی

عمران خان سے بات کرنی پڑے گی آپ مانیں یا نہ مانیں تحریک انصاف نے سیٹیں لی ہیں، اتفاق رائے نہیں ہوتا آپ ملک نہیں چلا سکتے، عدلیہ، عسکری اور سیاسی قیادت کو مل بیٹھنا ہوگا۔ ٹی وی انٹرویوز میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 مارچ 2024 15:58

یہ حکومت نہیں صرف کرسیوں کی بندر بانٹ ہے، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2024ء ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ یہ حکومت نہیں صرف کرسیوں کی بندر بانٹ ہے، پیپلزپارٹی حکومت کو سپورٹ کر رہی ہے لیکن اتحادی نہیں ہے، دو صوبوں میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، صدر بھی ان کا ہے اور سینیٹ بھی انکا ہے، آپ کیسے حکومت چلائیں گے؟ جب تک اتفاق رائے پیدا نہیں ہوتا ملک نہیں چلا سکتے۔

مختلف ٹی وی انٹرویوز میں انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے، ان ہی الیکشنز کو لے کر عوام ایک دن پھٹ پڑیں گے کیوں کہ رزلٹ کو قبول نہیں کیا جارہا اس لیے الیکشن متنازع ہوچکے ہیں، تحریک انصاف کے مطالبے پر حلقے کھول بھی دیئے جائیں تو فرق نہیں پڑے گا کیوں کہ ہم نے نظام کو پکا کر لیا ہے کہ دھاندلی کیسے کرتے ہیں، اب یہ دھاندلیاں پکڑی نہیں جا سکتیں کیوں کہ جب آپ جب تھیلے کھولیں گے تو وہاں پر ساری غلطیاں درست ہو چکی ہوں گی، ملک میں فارم 45 اور 47 والی دھاندلی نہیں پکڑی جا سکتی۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس جھگڑے کا حل یہی ہے کہ سپریم کورٹ پریزائڈنگ آفیسرز کو بلائے اور فارم 45 کے بارے میں قرآن پر حلف لے، پوچھیں کہ یہ فارم 45 آپ کا ہے یا نہیں، مسئلے کا حل ہی نکالنا ہے تو پھر حل یہی ہے، اگر الیکشن نہیں ہوسکتے تو ان کو ہی درست کرلیں، سپریم کورٹ حل نکال سکتی ہے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ حکومت نہیں چل سکتی، ویسے بھی اس میں صلاحیت ہی نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نام نہاد اتحاد کو طول دینا ہے تو دیتے رہیں لیکن ایک دن فیصلہ سڑک پر ہی ہونا ہے، عوام ایک دن بولیں گے اور پھٹ پڑیں گے، اس لیے ان کو سوچنا ہوگا کہ ملک چلانا ہے یا کرسیاں سنبھالنی ہیں، اتفاق کے بغیر ملک چلانے کا کوئی راستہ نہیں اور عمران خان سے بھی بات کرنی پڑے گی کیوں کہ آپ مانیں یا نہ مانیں تحریک انصاف نے سیٹیں لی ہیں، اس لیے عدلیہ، عسکری اور سیاسی قیادت کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات