لیاری 36 بی سے ملنے والی تشدد زدہ لاش کا معمہ حل ہو گیا

ملزم حمزہ نے غیرت کے نام پر اپنے دوست شاہنواز مری کوقتل کیا اور مبینہ قاتل کی ماں اور بیوی نے بھی قتل میں ساتھ دیا

پیر 18 مارچ 2024 17:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) لیاری 36 بی سے ملنے والی تشدد زدہ لاش کا معمہ حل ہو گیا، ملزم حمزہ نے غیرت کے نام پر اپنے دوست شاہنواز مری کوقتل کیا اور مبینہ قاتل کی ماں اور بیوی نے بھی قتل میں ساتھ دیا۔ملزم نے کہا مقتول شاہنواز مری میری والدہ ،بیوی اور بہن پر غلط نظر رکھتا تھا۔شاہنواز کو نشہ کرنے کے بہانے گھر پر بلایا اور تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔

لاش کو رکشے میں لے جاکر لیاری چھتیس بی میں پھینک دیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری 36 بی سے 13 مارچ کو تشدد زدہ لاش ملنے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ملزمان کے بیانات سامنے آگئے ہیں۔حمزہ نے غیرت کے نام پر اپنے دوست شاہنواز مری کوقتل کیا اور قاتل کی ماں اور بیوی نے بھی قتل میں ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

قاتل کی والدہ نے بیان میں کہا کہ شاہنواز پڑوسی تھا، زیادتی کرتا تھا، بیٹے کو غصہ آیا اس نے چھری ماردی۔

ملزم حمزہ کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ شاہنواز مری میری والدہ بیوی اور بہن پر غلط نظر رکھتا تھا، شاہنواز کو نشہ کرنے کے بہانے گھر پر بلایا اور پھر شاہنواز کوتیز دھار آلے سے قتل کردیا، جس کے بعد لاش کو رکشے میں لے جاکر لیاری 36 بی میں پھینکا۔پولیس حکام نے کہا کہ 3روز کے اندر اندھے قتل کا معمہ حل کیا گیا، جس رکشے میں لاش کولے جایا گیا اس کی تلاش جاری ہے۔