پی ایس ایل 9 کی ٹرافی جیتنے کی جنگ، ملتان سلطانز نے فائنل کا ٹاس جیت لیا

محمد رضوان کا ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ، سلطانز بنا کسی تبدیلی کے میدان میں اترے گی

muhammad ali محمد علی پیر 18 مارچ 2024 20:37

پی ایس ایل 9 کی ٹرافی جیتنے کی جنگ، ملتان سلطانز نے فائنل کا ٹاس جیت ..
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ 2024ء) پی ایس ایل 9 کی ٹرافی جیتنے کی جنگ، ملتان سلطانز نے فائنل کا ٹاس جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 9 کے فائنل میں آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کا آغاز رات 9 بجے ہوگا، میچ کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، فائنل کا ٹاس چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز نے جیت لیا۔

محمد رضوان نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فائنل کیلئے ملتان سلطانز بنا کسی تبدیلی کے میدان میں اترے گی۔ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز مسلسل چوتھے سال پی ایس ایل فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی واحد ٹیم ہے، تاہم سلطانز اب تک صرف ایک مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن بن سکے۔

(جاری ہے)

جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ پی ایس ایل فائنل تک رسائی حاصل کر کے دونوں فائنلز میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امکان ہے کہ پی ایس ایل 9 کے فائنل میں وکٹ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولرز کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگی۔ ٹورنامنٹ کے فائنل کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف انکلوژر میں نشستوں کی از سر نو تزین و آرائش کردی گئی،اسٹیڈیم میں صفائی ستھرائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، تماشائیوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فائنل کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف شاہراؤں اور سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے مربوط پلاننگ کی گئی ہے۔ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی زیادہ تعداد میں آمد کی توقع کے سبب جعلی ٹکٹوں کی فروخت کی روک تھام کے لیے بھی لائحہ عمل تیار کیا گیا جس کے تحت پی سی بی کے سیکورٹی اہلکار اسٹیڈیم میں خصوصی گشت کریں گے اور داخلہ دروازوں پر مشکوک افراد پر نگاہ رکھیں گے۔ فائنل اور اختتامی تقریب میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی مہمان خصوصی ہوں گے اور مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کریں گے۔