پی ایس ایل9 فائنل، آخری چند گیندوں پر افتخار احمد کی دھواں دار بیٹنگ، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہدف مل گیا

تجربہ کار بیٹر کے 20 گیندوں پر 32 رنز، عماد وسیم کی 5 وکٹیں، ٹرافی اٹھانے کیلئے یونائیٹڈ کو 160 رنز درکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 مارچ 2024 22:52

پی ایس ایل9 فائنل، آخری چند گیندوں پر افتخار احمد کی دھواں دار بیٹنگ، ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 مارچ 2024ء ) پی ایس ایل 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جیتنے کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے فائنل میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان نے 26 رنز اسکور کیے۔

افتخار احمد نے 32 رنزکی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی، انہوں نے 20 گیندوں پر 3 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔ ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 23 رنز دےکر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ فائنل کے موقع پر سکورٹی کے سخت ترین انتظامات جبکہ اسٹیڈیم کے اطراف شاہراؤں اور سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے مربوط پلاننگ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیڈیم میں جعلی ٹکٹوں کی فروخت کی روک تھام کے لیے بھی لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت پی سی بی کے سکیورٹی اہلکار اسٹیڈیم میں خصوصی گشت کریں گے اور داخلہ دروازوں پر مشکوک افراد پر نگاہ رکھیں گے۔ فائنل اور اختتامی تقریب میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی مہمان خصوصی ہیں اور مقابلے کے اختتام پر انعامات تقسیم کریں گے۔ یاد رہے کہ چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ملتان سلطانز کو دو مرتبہ 2022ء اور 2023ء میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں مات ہوئی جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ دو مرتبہ 2016ء اور 2018ء میں فائنل میں پہنچی اور ہر بار سرخرو رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کولن منرو، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ، عبید میکوئے پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان اور وکت کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد علی، عباس آفریدی شامل ہیں۔