فیصل آباد،انٹر میڈیٹ ایف ایس سی پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 20 اپریل ، پارٹ ون کے8مئی سے شروع ہوں گے

منگل 19 مارچ 2024 15:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) فیصل آباد میں انٹر میڈیٹ ایف ایس سی پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 20 اپریل(ہفتہ)اور پارٹ ون کے 8 مئی (بدھ) سے شروع ہوں گے ،اس سلسلے میں ڈیٹ شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ پنجاب ایجوکیشن بورڈز کمیٹی آف چیئر مینز کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈز آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد،سرگودھا، گوجرانوالہ،ساہیوال،ملتان، بہا ولپور،ڈی جی خان،راولپنڈی اور لاہور کے زیر اہتمام انٹر میڈیٹ ایف ایس سی پارٹ ٹو کے پہلے سالانہ امتحانات 20 اپریل سے شروع ہوں گے جو 6 مئی تک جاری رہیں گے جس کے بعد انٹر میڈیٹ ایف ایس سی پارٹ ون سال اول کے سالانہ امتحانات 8 مئی سے شروع ہوں گے جو 22 مئی تک جاری رہیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ تمام امتحانات کے شفاف انعقاد کے لئے 2گروپس میں پیپر لئے جائیں گے جن میں پہلے یعنی فرسٹ گروپ کا پرچہ ساڑھے 8بجے اور سیکنڈ گروپ کا پرچہ دوپہر ڈیڑ ھ بجے شروع ہو گا تاہم جمعہ کو یہ اوقات صبح کے گروپ میں 8بجے اور دوپہر کو اڑھائی بجے شروع ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ طلبہ کو آئندہ ہفتے سے رول نمبر سلپس کی فراہمی شروع کر دی جائے گی اور انہیں پرچہ شروع ہونے سے آدھا گھنٹہ قبل متعلقہ امتحانی سینٹر میں پہنچنا ہو گا۔

انہوں نے مزید بتایاکہ انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات کے ضمن میں پریکٹیکلز 27 مئی سے شروع ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے گروپ کے پریکٹیکلز کے اوقات صبح ساڑھے 8سے ساڑھے 11بجے اور دوسرے گروپ کے اوقات دوپہر ایک سے شام 4 بجے تک ہوں گے تاہم جمعہ کو سیکنڈ بیچ کے عملی امتحانات کا وقت اڑھائی بجے سے ساڑھے 5بجے تک ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ تمام ہدایات رول نمبر سلپس پر بھی درج کی جارہی ہیں تاہم کسی قسم کی رہنمائی یا معلومات کے لئے متعلقہ بورڈ کی انٹر میڈیٹ برانچ سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔