پرویز الٰہی جیل کے واش روم میں گرگئے، معمولی فریکچر ہو گیا‘ عدالت میں رپورٹ پیش

منگل 19 مارچ 2024 17:08

پرویز الٰہی جیل کے واش روم میں گرگئے، معمولی فریکچر ہو گیا‘ عدالت میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کے دوران اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پیش کی گئی ،جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلی پنجاب و رہنما تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی جیل کے واش روم میں گرگئے، جس کے سبب انہیں معمولی فریکچر ہو گیا۔لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرٹنڈنٹ طاہر نے پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق پرویز الٰہی 17 مارچ کو جیل واش روم میں گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں انہیں معمولی سا فریکچر ہوا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کی تعداد پوری نہ ہونے پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی۔عدالت نے کیس پر مزید سماعت تک 4 اپریل تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے فرد جرم کی کاروائی کے لیے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔11مارچ کو بھی مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں پرویز الہی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 19ستمبر کو پرویز الٰہی کو اس مقدمے سمیت محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تعیناتی کے معاملے پر دوبارہ میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔