Live Updates

فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز بری

منگل 19 مارچ 2024 17:17

فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم محمد نواز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) احتساب عدالت نے فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کو بری کر دیا۔بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کی بریت کی درخواستیں منظور کر لیں۔

دوران سماعت احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کی فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی جس میں وکیل صفائی قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹرز نے دلائل دیئے۔حسن نواز،حسین نواز کے وکیل نے منروا سروسز کا ریکارڈ جمع کرا دیا۔ دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے دلائل میں کہا کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ رکاوٹ نہیں، عدالت اس کیس کا فیصلہ کر سکتی ہے، حسن نواز اور حسین نواز کے کیسز میں مرکزی ملزمان بری ہو چکے ہیں اور مریم نواز کی بریت کےخلاف ہم نے اپیل دائر نہیں کی تھی۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ حسن نواز اور حسین نواز کےخلاف کیس چلانا عدالتی وقت ضائع کرنا ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز اور نواز شریف کو کیس سے بری کر دیا تھا۔عدالت نے نیب وکلاء اور وکیل صفائی کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعدازاں سنا دیا گیا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات