وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کی ملاقات، وزیراعظم کی طرف سے ارشدندیم کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان

منگل 19 مارچ 2024 17:18

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کی ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے 25 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کرتے ہوئے عالمی سطح پر ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2023 میں چاندی کا تمغہ جیتنے اور ملک کا نام روشن کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مستقبل میں کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔ جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کو خصوصی طور پر وزیراعظم ہائوس میں مدعو کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ارشد ندیم کی خیریت دریافت کی اور ارشد ندیم کو پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کی کامیابی کیلئے پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے، آپ نے مزید آگے بڑھنا ہے، آپ کی کامیابیوں میں آپ کی ذاتی محنت، والدین کی دعائوں اور ٹرینرز کا بھی کردار ہے۔

ارشد ندیم نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ ارشد ندیم نے وزیراعظم کو اپنے سپورٹس کیریئر کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ ارشد ندیم نے وزیراعظم کو بتایا کہ انہوں نے کھیلوں کا آغاز 2012ء سے کیا اور یوتھ فیسٹیول میں پہلی مرتبہ مختلف ایونٹس میں حصہ لیا، دوسرے یوتھ فیسٹیول میں کارکردگی میں مزید بہتری آئی، 2015ء میں واپڈا کی ٹیم میں شامل ہوا جس کے بعد قومی سطح پر کھیلنے کا موقع ملا، اسی طرح یوتھ فیسٹیولز کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ کھیلوں کو فروغ ملے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ سکول کی سطح سے انہوں نے کھیلوں میں حصہ لینا شروع کیا لیکن اب تو سکولز میں کھیلوں کا سلسلہ نہیں ہو رہا، یہ سلسلہ اب بحال ہونا چاہئے، جنوبی افریقہ تربیت کیلئے جانا ہے، اگر اس کا ویزہ جلدی مل جائے تو اس کیلئے آسانی ہو جائے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ارشد ندیم کے ویزہ کے جلد اجراء کو یقینی بنایا جائے۔ ارشد ندیم نے وزیراعظم کو بتایا کہ اولمپکس سے پہلے ایک دو ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران شاندار تھرو کے ساتھ پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا، اپنے ملک کیلئے ہر ایونٹ میں جانے کیلئے تیار ہوں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ نے وزیراعظم کو بتایا کہ اولمپکس میں ارشد ندیم کا ایونٹ رات کے وقت تھا اور پوری قوم نے ان کا ایونٹ دیکھا اور پوری قوم ان کیلئے دعا کر رہی تھی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم نے وزیراعظم ہائوس مدعو کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ بہت اچھی ملاقات کی۔

وزیراعظم کو کھیلوں کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز دیں، امید ہے کہ ان پر عملد رآمدکیا جائے گا، کھلاڑیوں کیلئے کیمپس کا انعقاد ہونا چاہئے، کھیلوں کیلئے میدان بھی ضروری ہیں، پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، وزیراعظم کھیلوں کے فروغ میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، اس سے پاکستان میں کھیلوں کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے میرے گائوں میں گرائونڈ کی تعمیر کی بھی یقین دہانی کرائی ہے، کھیلوں کے فروغ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو گا۔