محمد نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں نیب نے تفتیش کی روشنی میں رپورٹ جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی

منگل 19 مارچ 2024 17:44

محمد نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس  میں  نیب نے تفتیش کی روشنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس چلایا جاسکتا ہے یا نہیں، نیب نے تفتیش کی روشنی میں رپورٹ جمع کروانے کے لیے مہلت مانگ لی ۔ احتساب عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول شاہ نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف نے شامل تفتیش کرنے کی درخواست دی تھی جس کے بعد انہیں شامل تفتیش کرلیا گیا تھا، اب ہمارے تفتیشی افسر دستیاب نہیں ہیں تفتیش کی روشنی میں رپورٹ پیش کریں گے کہ نواز شریف کیخلاف کیس چلایا جاسکتا ہے یا نہیں، عدالت آئندہ سماعت تک کا وقت دے دے، رپورٹ جمع کروا دیں گے۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت17 اپریل تک ملتوی کردی۔