سپریم کورٹ نے ثمینہ خاور حیات کی جعلی ڈگری پر نااہلی ختم کردی

منگل 19 مارچ 2024 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2024ء) سابق ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کی جعلی ڈگری پر نااہلی کیخلاف نظرثانی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے سابق ایم پی اے کی نااہلی ختم کر دی ،چیف جسٹس قاضی فائزعئسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منگل کے روزدلائل کے بعدفیصلہ دیتے ہوئے کہاہے کہ سپریم کورٹ کا سات رکنی بنچ قرار دے چکا ازخودنوٹس میں نااہلی نہیں ہوسکتی،ثمینہ خاور حیات کا کیس بھی لارجر بنچ کے فیصلے کے تناظر میں ہی دیکھا جائے گا،اس دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ازخودنوٹس میں منتخب رکن اسمبلی کو نااہل کیا،سپریم کورٹ کا نااہلی پر مبنی حکم نامہ غلط ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ کیا الیکشن کمیشن کو نااہلی ختم کرنے پر اعتراض ہے اس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کہاگیاکہ انھیں نااہلی ختم کرنے پر اعتراض نہیں،نااہلی کی مدت ویسے بھی پانچ سال ہوچکی ہے جو گزر چکے، جس پر عدالت نے سابق ایم پی اے کی نااہلی ختم کردی،سپریم کورٹ نے 25 جولائی 2013 کو ثمینہ خاور حیات کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دیا تھا ،ثمینہ خاور حیات ق لیگ کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی تھیں۔