پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارانٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹی کپ کا میلہ سجے گا

بدھ 20 مارچ 2024 16:04

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارانٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹی کپ کا میلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹی کپ کا میلہ سجے گا، اس ضمن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹی کپ کے انعقاد کی منظوری دے دی ،ٹورنامنٹ تین شہروں لاہور،کراچی اور اسلام آباد میں 22 مارچ سے 8 اپریل تک ہوگا۔ انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ میں 30 کالجز حصہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹورنامنٹ کا آغاز 22 مارچ سے ہوگا جبکہ اسلام آباد اور کراچی میں میچز 23 مارچ سے شروع ہوں گے۔ چیئر مین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹی کپ سے نچلی سطح پر ٹیلنٹ سامنے آئے گا،کرکٹ کے فروغ کیلئے اس طرح کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہاکہ مہارت اور جذبے کا عملی مظاہریکے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے سے ہی حقیقی ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آتا ہے۔

ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی عبداللہ خرم نیازی نے کہاکہ ٹورنامنٹ کا انعقاد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے وژن کے مطابق کر رہے ہیں، یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ کچھ ٹیلنٹ کو بھی سامنے لائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں ہر شہر سے مجموعی طور پر 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا جبکہ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم فائنل کھیلے گی۔

پول مرحلے میں ہر ٹیم چار میچ کھیلے گی جبکہ ہر شہر میں کل 21 میچ کھیلے جائیں گے۔ ہر ٹیم میں 14 کھلاڑیوں کا اسکواڈ اور تین ریزرو کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ تین آفیشلز بھی ہوں گے۔کھلاڑیوں کے لیے شرکت کے قوانین میں عمر کی حد شامل ہے جہاں 1 ستمبر 2000 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والا کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا اہل ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ایک کھلاڑی کا متعلقہ کالج کا حقیقی طالب علم ہونا ضروری ہے۔

ان میچوں کے امپائرز پی سی بی کے پینل آف امپائرز سے ہوں گے۔ہر شہر میں جیتنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا جبکہ ہر شہر میں رنرز اپ کو ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دوران پی سی بی کے سلیکٹرز کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر نظر رکھنے کے لیے موجود ہوں گے۔