Live Updates

لانگ مارچ احتجاج و تو ڑپھوڑکیس،عمران خان،شیخ رشیدسمیت 11ملزمان مزید2مقدمات میں بری

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال کی عدالت میں ملزمان کیخلاف تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمات پر سماعت ہوئی،عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 20 مارچ 2024 15:41

لانگ مارچ احتجاج و تو ڑپھوڑکیس،عمران خان،شیخ رشیدسمیت 11ملزمان مزید2مقدمات ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مارچ2024 ء) لانگ مارچ کے دوران احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں بانی تحریک انصاف عمران خان ، شیخ رشید سمیت 11 ملزمان کو بری کردیاگیا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا کے روبرو احتجاج اور توڑ پھوڑ پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمات پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان، شیخ رشید و دیگر کو مقدمات سے بری کردیا۔عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں مقدمات میں بریت کی درخواست کو منظور کرلیا۔عدالت نے آج محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ عمران خان و دیگر ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، اگر پبلک کو عمران خان و دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ریمارکس میں واضح کیا گیا کہ عمران خان و دیگر کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایا گیا، عمران خان و دیگر کے خلاف کیس چلانے کیلئے ریکارڈ ناکافی ہے۔پراسیکیوشن کی جانب سے جمع کیا گیا ریکارڈ عمران خان و دیگر ملزمان پر جرم ثابت کرنے کیلئے مضبوط نہیں، عمران خان و دیگر ملزمان کو تھانہ بارہ کہو میں درج دونوں مقدمات میں بری کیا جاتا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ روز بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے آج سنا دیا گیا۔ ملزمان کی جانب سے سردار مصروف خان اور آمنہ علی نے دلائل دئیے تھے۔ عدالت نے مقدمے میں شاہ محمود قریشی ، سیف اللہ نیازی، عامر محمود کیانی، پرویز خٹک، شیریں مزاری، فیصل جاوید، اسد عمر،علی نواز اعوان،راجہ خرم نواز،فیصل جاوید،شیخ رشید احمد سمیت 12 ملزمان کو بری کردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات