وزیراعظم کا معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے عالمی ماہرین ، سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ

شہباز شریف نے معاشی اصلاحات کے نفاذ کی نگرانی خودکرنے کا فیصلہ کیاہے،وزیراعظم کی اپنی زیرصدارت اجلاس میںمعاشی اصلاحات پر پیش رفت کی رپورٹ طلب کرلی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 21 مارچ 2024 10:20

وزیراعظم کا معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے عالمی ماہرین ، سٹیک ہولڈرز ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے عالمی ماہرین اور سٹیک ہولڈر ز سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وزیراعظم کا معاشی اصلاحات کے نفاذ کی خود نگرانی کرنے کافیصلہ ،وزیراعظم کی زیر صدارت ملک کی موجودہ صورتحال اور اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں معاشی اصلاحات پر پیش رفت کی رپورٹ بھی طلب کی اور ملک کی برآمدی پالیسی میں ’ویلیو ایڈیشن‘ کو نمایاں طور پر اہمیت دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، مشاورتی اجلاسوں کی خود صدارت کروں گا، برآمدات کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدی صنعت کو تمام سہولیات یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے درآمدی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات بڑھانے کو کلیدی اہمیت دینے کی بھی ہدایت دی، انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات کو بین الاقوامی ویلیو ایڈیشن چین کا حصہ بنائیں گے، بجلی کے شعبے کی موجودہ استعداد کو بروئے کار لانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔عوام پر مزید ٹیکس لگانے کے بجائے ٹیکس نیٹ بڑھانے سے محصولات میں اضافہ کریں گے، پاکستان میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے پیمانے کی صنعت کو ترقی دیں گے۔ نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ، علم و ہنر سے لیس کریں گے، وزیراعظم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اجراءکی بھی ہدایت کی۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملک میں چھوٹی، درمیانی اور بڑی صنعتوں کو سپورٹ کرنے کے علاوہ ٹیکسز میں اضافے کے بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرے گی۔