Live Updates

’متعدد بار دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق ثبوت فراہم کیے‘

پاکستان نےافغان شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کردئیے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 مارچ 2024 14:00

’متعدد بار دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق ثبوت فراہم کیے‘
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2024ء ) پاکستان کی جانب سے افغان شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ افغانستان کو متعدد بار دہشت گردوں کی موجودگی کے ثبوت دئیے، جس کے بعد پاکستان نے گزشتہ ہفتے افغانستان میں دہشت گرد گروپ کے خلاف کارروائی کی، 18 مارچ کو خفیہ اطلاعات پر ٹی ٹی پی اور گل بہادر گروپ کے خلاف آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی سرزمین پر دہشت گرد کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے، تاہم اس کارروائی میں افغانستان کی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا گیا، تازہ اطلاعات کے مطابق افغان سرحد پر امن ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ مشترکہ طور پر سرحدی اور دیگر معاملات حل کرنے کی خواہش رکھتا ہے، افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہمارے شہداء کے قاتل افغانستان میں ہوں تو پھر ہم کارروائی کا حق رکھتے ہیں، افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایوں کی طرح رہنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی آکر ہمارے ملک میں کارروائی کرے اور ہم چپ بیٹھے رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان سے ہمارے بردرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ دیگر پڑوسیوں کی طرح افغان بھی ویزہ لیکر پاکستان آئیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کالعدم تحریک طالبان کو واپس لائے، جب یہ لوگ کالعدم ٹی ٹی پی کو واپس لائے تو 5 سے 6 ہزار کارندے ملک کی آبادی میں گھل مل گئے، دہشت گردوں کی پناہ گاہیں بھی بن گئیں، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے مظاہرے کیے جارہے ہیں، قربانیاں دینے والوں کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا جا رہا ہے، شہدا کی تضحیک ایک منصوبے کے تحت کی جارہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات