شہری اغوا ہورہے ،کچے کے ڈاکو جشن منا رہے ہیں، حلیم عادل شیخ

جمعرات 21 مارچ 2024 22:16

شہری اغوا ہورہے ،کچے کے ڈاکو جشن منا رہے ہیں، حلیم عادل شیخ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) سندھ میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ وڈیو بیان میں کہا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران سندھ میں ایسا کیا ہوگیا ہے کہ امن امان کی صورتحال اتنی خراب ہوگئی ہے کیا سندھ میں پکے کے ڈاکوئوں کا اقتدار آچکا ہے، کیا کچے کے ڈاکو آزاد ہوچکے ہیں جنہیں شہریوں کو اغوا کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

اس وقت انتہائی افسوس ناک صورتحال ہے عوام کا جان و مال محفوظ نہیں ہے کچے کے علاقے میں ہمارے ایک ٹیچر کو قتل کر دیا گیا استاد کا قتل نہیں وہ تعلیم کا قتل تھا استاد کہہ رہا تھا کہ جان کو خطرہ ہے لیکن کسی بھی ادارے کی جانب سے تحفظ نہیں دیا گیا کچے میں ڈاکوئوں نے 12 ڈرائیورز کے ساتھ متعدد مغویوں کو قتل کر دیا ہے دو مغویوں کی ٹانگوں میں گولیاں ماری گئیں تشدد کی وڈیوز بھی آرہی ہیں ڈاکو جشن منا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

کراچی میں اسٹریٹ کرائم بڑھ چکا ہے چوریاں، ڈکیتیاں روز کا معمول بن چکا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا8 فروری کو الیکشن کے دن ہمارے ساتھ جو کچھ کرنا تھا کرلیا اب تو پولیس فارغ ہے کچھ امن امان کی صورتحال پر بھی کنٹرول کرنے میں اپنا کردار کرے پولیس، رینجرز جائے کچے میں کارروائی کرے، گھوٹکی، کشمور کے علاقوں کو نوگو ایریا بنا دیا گیا ہے کچے کے ڈاکو کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں وڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر رکھ رہے ہیں اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ پکے میں بھی ڈاکوئوں کا راج آچکا ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ریاست کی زمہ داری ہوتا ہے لگتا ہے ریاست سورہی ہے خواب خرگوش کی نیند میں ہے۔ فوری طور پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جو پولیس افسران غفلت میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔#