Live Updates

ڈونلڈ لو کے سچ نے پی ٹی آئی کا جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے،حنیف عباسی

ڈونلڈ لو کی کانگرس کی کمیٹی میں پیشی سے پی ٹی آئی کی توقعات مٹی میں مل گئیں، گفتگو

جمعرات 21 مارچ 2024 20:25

ڈونلڈ لو کے سچ نے پی ٹی آئی کا جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے،حنیف عباسی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما حنیف عباسی نے بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو کے سچ نے پی ٹی آئی کا جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے، ڈونلڈ لو کی کانگرس کی کمیٹی میں پیشی سے پی ٹی آئی کی توقعات مٹی میں مل گئیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ جھوٹوں کی جماعت جھوٹ پکڑے جانے پر بھی جھوٹ ہی بول رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ امریکہ میں لابی کرنے کے لیے پی ٹی آئی نے لاکھوں ڈالر کھرچ کیے، نتیجے سے مایوس ہو کر گوہر خان بہکی ہوئی باتیں کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور اس کے خودساختہ چئیرمن دونوں کو اپنے جھوٹ پر معافی مانگنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ بانی چیئرمین اور پی ٹی آئی جھوٹ بولتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، دو سال سے یہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 35 پنکچر سے لے کر سائیفر تک ان کا ہر دعوی، ہر الزام اور ہر وعدہ جھوٹ نکلا ۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف پر پانامہ کیس میں 10 ارب کا جھوٹ باندھا، 2017 سے اب تک جھوٹا الزام لگانے والے ثبوت نہیں دے سکے۔انہوںنے کہاکہ 7 سال سے ہر پیشی پر عمران نیازی جھوٹا ثابت ہو رہا ہے لیکن شہباز شریف اور قوم سے معافی نہیں مانگی ۔انہوںنے کہاکہ 300 کنال کے غیر قانونی بنی گالہ محل، 190 ملین پاؤنڈ کی ڈکیتی، گھڑیاں، ہیرے کی انگوٹھیاں، القادر یونیورسٹی، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، عمران نیازی کے جھوٹوں کی فہرست بہت طویل ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات