وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار کی برسلزمیں چین کے نائب وزیراعظم ژانگ گوچنگ سے ملاقات

جمعہ 22 مارچ 2024 15:21

وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار کی برسلزمیں چین کے نائب وزیراعظم  ژانگ گوچنگ ..
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے جوہری توانائی کے پہلے سربراہ اجلاس کے موقع پر برسلز میں چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچنگ سے ملاقات کی۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چین کے نائب وزیر اعظم ژانگ گوچنگ نے پاکستان۔چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ اور مضبوط دوستی کو مثالی اور منفرد تعلقات کے طور پر سراہا۔

انہوں نے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ون چائنا پالیسی کے لیے پاکستان کی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ چین کے ساتھ تعلقات پر پاکستان میں مکمل اتفاق رائے ہے اور سی پیک کے فیز 2 کے لیے پاکستان مضبوط عزم رکھتا ہے۔ اس موقع پر چینی نائب وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کی مالی صورتحال کو مستحکم کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبہ (سی پیک) کو اپ گریڈ کرنے ،صنعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے چینی آمادگی کا اظہار کیا۔