لاہور چیمبر میں پانی کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار

آبی وسائل کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں‘ صدر کاشف انور

جمعہ 22 مارچ 2024 16:45

لاہور چیمبر میں پانی کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے پانی کے عالمی دن کے موقع پر صاف پانی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر پنجاب ملک محمد اکرم، الخدمت فائونڈیشن کے نائب صدر احسان اللہ وقاص، صدر سنٹرل پنجاب اکرام الحق، لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اسد منظور بٹ او لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر محمد اعجاز تنویر بھی موجود تھے۔

سیمینار میں آبی وسائل کی حفاظت اور آبی وسائل کے ضیاع سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ سالانہ اربوں ڈالر مالیت کا پانی سمندر میں بہا دیا جاتا ہے جسے محفوظ کرکے ملک پانی کے مسئلے سے نکل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا مسئلہ ہے۔ معاشی مسئلہ بھی اس کی وجہ سے ہے۔

یہ حل ہو جائے تو معیشت بہتر ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیم نہیں بنائے گئے، آبی ذخائر نہیں بنائے گئے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ملک کو سالانہ اربوں ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔اگر آج ہم آبی ذخائر اور ڈیموں پر کام شروع کر دیں تو بھی ہمیں ان کی تعمیر میں دس سال لگ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال تقریبا بیس ارب ڈالر کا تیل درآمد کرتے ہیں۔ اگر ہم ڈیم بنا سکتے ہیں تو سستی بجلی بھی پیدا کر سکتے ہیں اور درآمدی بل بھی کم کر سکتے ہیں۔ کاشف انور نے کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں گندے پانی کو ٹریٹ کرنے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کی ضرورت ہے۔ پہلے کہا جاتا تھا کہ ٹیکس کم ہیں، اب پانی بھی نایاب ہے۔

ملک میں مہنگائی بھی بڑھ رہی ہے اور تاجر اس سے زیادہ پریشان ہیں۔الخدمت فائونڈیشن کی نمائندگی کرنے والے احسن اللہ وقاص نے ملک بھر میں کمیونٹیز کو صاف پانی فراہم کرنے کے لیے تنظیم کی جامع کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔انہوں نے 233واٹر فلٹریشن پلانٹس، 2776کنویں، 13995ہینڈ پمپس، اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کے عطیہ سمیت متاثر کن کامیابیوں کا ذکر کیا، جس سے الخدمت فائونڈیشن کے پانی کی کمی سے نمٹنے اور صحت عامہ کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا گیا۔آخر میں صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے شرکا میں شیلڈز تقسیم کیں۔