الطاف حسین وانی کی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل

جمعہ 22 مارچ 2024 16:55

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) کشمیری نمائندے الطاف حسین وانی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی طرف سے علاقے میں جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55 ویں اجلاس کے دوران ایجنڈا آئٹم 4 کے تحت منعقدہ ایک عمومی بحث میں مسلم ورلڈ کانگریس کی طرف سے حصہ لیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموںو کشمیر کو مقتل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بے گناہ لوگوں کا جعلی مقابلوں میں قتل ، بلا جواز گرفتاریوں ، خواتین کی بے حرمتی ، املاک کی مسماری اور ضبطی کا مذموم سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76سے وحشیانہ بھارتی قبضے کا شکار ہیں۔انہو ں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مودی حکومت نے علاقے میں کشمیریوں کی املاک پر قبضے کا سلسلہ تیز کر دیاہے۔ الطاف حسین وانی نے کہا کہ مودی حکومت دراصل مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہی ہے لہذا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ علاقے میں جاری غیر قانونی بھارتی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے۔