بی آر ٹی کرپشن کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت، ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

ملزمان کے خلاف اہم شواہد ملے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں ملزمان کے 75بینک اکانٹس منجمد کر دیے گئے ہیں،نیب ذرائع

جمعہ 22 مارچ 2024 19:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی)پشاور منصوبے میں خرد برد سے متعلق کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف اہم شواہد ملے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں ملزمان کے 75بینک اکانٹس منجمد کر دیے گئے ہیں،اسی طرح گلبرگ گرینز اسلام آباد میں ہائی رائز بلڈنگ کے اربوں روپے مالیت کے دو پلاٹ بھی منجمد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملزمان کی پراپرٹیز کی معلومات کی فراہمی کیلئے ملک گیر سرچ کا آغاز کر دیا گیا۔نیب کے ایک افسر نے بتایا کہ ملزمان کی بیرون ملک جائیداد کے حوالے سے معلومات کیلئے میوچل لیگل اسسٹنس کی درخواست وزارت خارجہ کو بھجوا دی گئی ہے۔بی آر ٹی پراجیکٹ تحریک انصاف کی سابق حکومت میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے شروع کیا تھا جس کو وزیراعلیٰ محمود خان کی حکومت میں مکمل کیا گیا۔ نیب بی آر ٹی پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔