اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال سے مریضوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم دے دیا

جمعہ 22 مارچ 2024 22:29

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) الشفا ہسپتال میں اسرائیلی آپریشن پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے، اسرائیلی فوج نے سینکڑوں مریضوں، بے گھر فلسطینیوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم دے دیا۔قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال پر محاصرے مزید کئی دن تک جاری رہے گا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک بیان میں دعوی کرتے ہوئے کہا کہ حماس ہسپتال کے اندر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمارت میں موجود دہشت گردوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج عمارت میں پھنسے تقریبا 220 مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا اسرائیلی فوج نے الشفا میں 500 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 358 حماس اور اسلامی جہاد کے دہشت گرد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نیانتہائی سینئر عہدیداروں کو گرفتار کیا ہے جن سے پوچھ گچھ کے بعد ان کا نام ظاہر کیا جائے گا۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز نے الشفا میں آپریشن کے دوران 140 سے زائد افراد کو مارے جانے کا دعوی کیا ہے جن میں حماس کے درجنوں اعلی کمانڈروں کے ساتھ ساتھ اسلامی جہاد سے تعلق رکھنے والے بھی شامل ہیں، جبکہ دو اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔حماس نے الشفا میں اپنے ارکان کی موجودگی کی تردید کی ہے، انہوں نے دعوی کیا کہ جاں بحق ہونے والے زخمی مریض اور بے گھر فلسطینی تھے، بین الاقوامی قانون کے مطابق صحت کی سہولیات پر حملہ جرم ہے۔