قومی پرچم بردار ائیر لائن کی نجکاری کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس

جمعہ 22 مارچ 2024 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) وفاقی وزیر دفاع، دفاعی پیداوار و ہوا بازی خواجہ محمد آصف نے وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان کے ہمراہ قومی پرچم بردار ائیر لائن کی نجکاری کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں ایوی ایشن ڈویژن، نجکاری کمیشن، نجکاری ڈویژن اور فنانس ڈویژن کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔

ارنسٹ اینڈ ینگ (EY) ٹیم جو اس عمل کی قیادت کرنے والا ایک سٹیئرنگ گروپ ہے، نے ملک کی سب سے بڑی نجکاری پر کابینہ کی منظوری سے کی جانے والی تنظیم نو اور علیحدگی کے منصوبے کو دوبارہ بیان کیا۔ انتظامات کی سکیم کو فورم کے سامنے پیش کیا گیا اور مالیاتی مشیروں نے بنیادی اثاثوں اور واجبات اور غیر بنیادی اثاثوں اور ذمہ داریوں کے بارے میں بولی سے پہلے اور بولی کے بعد مختلف شعبوں پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور ان کے مرحلہ وار حل پر جامع بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

چیلنجز اور خطرات بشمول کمرشل بینکوں کے ساتھ قرض کی دوبارہ پروفائلنگ، چھ ماہ کے کیش فلو پلان اور کمپنی کے لئے ذمہ داریوں کی منتقلی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے امید ظاہر کی کہ رواں سال مئی کے وسط میں قومی فلیگ کیریئر کو ای اے ایس اے کی کلیئرنس اس ادارے کو ممکنہ بولی دہندگان کے لئے مزید قیمتی اور پرکشش بنا دے گی۔ انہوں نے متعلقہ حلقوں کیساتھ بات چیت کی بنیاد پر اپنی امید بھی ظاہر کی کہ جلد ہی برطانیہ کے لئے پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری اور بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالعلیم خان نے اس عمل کو تیزی سے مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ کاروبار میں بروقت فیصلے اہم کامیابی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔