Live Updates

وزیر اعلیٰ مریم نواز سے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے وفد کی ملاقات،ہیلتھ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں اشتراک کار پر اتفاق

جمعہ 22 مارچ 2024 22:54

وزیر اعلیٰ مریم نواز سے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے وفد کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس اور برطانیہ کے تعاون سے سی ایم اینی شیٹیو کے مجوزہ روڈ میپ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ، تعلیم، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،موسمیاتی تغیرات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر شعبوں میں اشتراک کار پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے لئے پائیدار اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کوفوکل پرسن مقرر کر دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے عوامی فلاح و بہبودکے ویژن کے مطابق اہداف کے حصول پربھی اتفاق کیا گیا۔ سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس کے اشاریے کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے وفد کا خیر مقدم کیا اور پائیدار اقدامات کے لئے اشتراک کار کے جذبے کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ساتھ کام کرکے خوشی ہو گی ۔صاف پانی، ویسٹ مینجمنٹ، ہیلتھ، ایجوکیشن سیکٹر میں بہت بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ زیادہ وقت پائیدار ترقی کے ماڈل کی منصوبہ بندی پر صرف ہورہا ہے اورایک بھی دیہی صحت مراکز تسلی بخش نہیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس، کلینک آن وہیلز پروگرام لا رہے ہیں۔ ایف سی ڈی اوکے تعاون سے تعلیم اور صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ پنجاب میں ویسٹ مینجمنٹ کے نظام میں دیہات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کوڑا اکٹھا کرنے کا مناسب سسٹم نہیں اور لینڈ فِل سائیٹس کی کمی ہے۔پورے صوبے کیلئے مٴوثر اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ کا نظام لا رہے ہیں۔

ترقی کے شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سموگ کے سدباب پرکام کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ ماحول میں بہتری کے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں وقت لگے۔پی ایم یو کو ری سٹرکچر کیا جائیگا۔ مانیٹرنگ کا مناسب نظام ہو گا تو منصوبوں کے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں گے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام سے تمام آبادی کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ سیکنڈری اور پرائمری سکولوں کے طلباء کیلئے فری کھانے کا پروگرام لا رہے ہیں۔ تعلیم کی کوالٹی اور ٹیچرز کی ٹریننگ پر کام کر رہے ہیں۔ وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستند ڈیٹا کی موجودگی میں بہتر انداز میں پراجیکٹ کو چلایا جا سکے گا۔ 2018 ء تک متعدد سکولوں میں بجلی، صاف پانی، واش رومز کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

تعلیم، صحت اور سوشل پروٹیکشن کی سروس ڈیلیوری بہتر کرنے پر توجہ مرکوز ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ، ریونیو میں اضافہ سمیت دیگر سیکٹرز پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد نے یقین دہانی کرائی کہ گندم، مکئی اور گنے کی پیداوار میں اضافے کیلئے تعاون کریں گے۔ لوکل گورنمنٹ ریونیومیں 50 فیصد اضافے کے لئے اقدامات کے ضرورت ہے۔

سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے، کوالٹی ایجوکیشن اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیرپرویز رشید، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن رانا سکندر حیات، صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق،صو بائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریزخزانہ،سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سکولز یجوکیشن،پاپولیشن، جنگلات، توانائی، ماحولیات،ڈی جی پی ڈی ایم اے،سی ای او پی بی آئی ٹی،برطانیہ ہائی کمیشن سے زو ویئر - پولیٹیکل کونسلر،میٹ کلینسی - سینئر گورننس ایڈوائزر،نوید عزیز - سینئررسپونسیبل آفیسر ایس این جی پروگرام، کلارا اسٹرینڈوج - پنجاب میں برطانوی نمائندہ، مجیب خان - پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس این جی،بلال راؤ - ڈیلیوری ایسوسی ایٹس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات