بلاول بھٹو زرداری کی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش

23مارچ کو قوم بانی اجداد کی دور اندیشی، قربانیوں ،غیر متزلزل عزم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایسے وطن کے قیام کیلئے انتھک محنت کی جہاں آزادی، انصاف اور مساوات کا راج ہوگا،چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعہ 22 مارچ 2024 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ کو قوم اپنے بانی اجداد کی دور اندیشی، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایک ایسے وطن کے قیام کے لیے انتھک محنت کی جہاں آزادی، انصاف اور مساوات کا راج ہوگا۔

میڈیا سیل بلاول ہاس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے یوم پاکستان کو ملک کے بانیان کی جدجہد کو اور ترقی کی جانب ہمارے اجتماعی سفر کو سلام پیش کرنے کا دن قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت بانی اجداد کے نظریات بالخصوص قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کی پاسداری کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج اس اہم دن کے موقع پر ہم اپنے شہید قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے خوف ہوکر عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور اس عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث ہمارے لیے ان کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے سفر میں ہمارے لیے رہنمائی کی کرن بنی رہے گی۔

پی پی پی چیئرمین نے ہر پاکستانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں اپنے پیارے ملک کے روشن مستقبل کی تعمیر کے مشترکہ مقصد کے لیے تجدید عہد کرنا چاہیے۔ آئیے ہم سب مل کر امید، حوصلہ اور عزم کے ساتھ اور یقین سے آگے بڑھیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور امید افزا ہے۔ آپ سب کو یوم پاکستان مبارک ہو!