ؒحیدرآباد کے علاقے بکرا منڈی کے مکینوں نے فلسطین پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ

جمعہ 22 مارچ 2024 20:00

? حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) حیدرآباد کے علاقے بکرا منڈی کے مکینوں نے فلسطین پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے علامہ مفتی احمد رضا سکندری، قاری سہیل سعیدی، سلیم الطاف چانڈیو، فقیر حسن رضا سکندری اور فقیر حسن رضا سکندری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی ، اس موقع پر رہنما نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے مسلمان جسم واحد کی مانند ہیں غزہ کے مسلمانوں پر اسرائیلی بربریت نے ہر مسلمان کے دل کو زخمی کردیا ہے فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم اور نسل کشی کی جا رہی ہے جبکہ مسلم حکمران صرف بیانات کی حد تک محدود ہیں جب کہ امریکہ اور یورپی یونین فلسطین کے خلاف اسرائیل کی بھرپور فوجی اور مالی مدد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 40 ہزار سے زائد فلسطینی مسلمان بھائیوں سمیت اسرائیلی بمباری میں معصوم بچے، عورتیں، مرد، بوڑھے اور بیمار شہید ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کا ضمیر اور ایمان دم توڑ چکا ہے سوا ارب مسلمان اور لاکھوں کی مسلم فوج ایٹمی اسرائیل کے سامنے بے بس نظر آ رہے ہیں جو کہ مسلمانوں کی تباہی کی علامت ہے، دنیا کے مسلم حکمرانوں سے ایک بار پھر درخواست ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات اور مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کریں ہم قربانیاں دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔