سازشوں کی وجہ سے ہم ترقی نہیں کرسکے،ملک کے ایک صوبے کے وزیر اعلی منفی باتیں کررہے ہیں ، گورنرسندھ

ہفتہ 23 مارچ 2024 16:10

سازشوں کی وجہ سے ہم ترقی نہیں کرسکے،ملک کے ایک صوبے کے وزیر اعلی منفی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سازشوں کی وجہ سے ہم ترقی نہیں کرسکے، بھارت آزادی کا بدلہ آج تک ہم سے لے رہا ہے، ملک کے ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ منفی باتیں کررہے ہیں جبکہ سندھ کے سینئروزیر شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نے صرف منفی چیزوں کو فروغ دیا ہے، سیاسی اختلاف ہوتے ہیں، لیکن مثبت سوچنا چاہئے۔

ہفتہ کوکراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزار قائد پر حاضری دی، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر آئی جی سندھ، چیف سیکرٹری اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر نے کہا کہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے کو معاف نہیں کیا جائیگا، ایک صوبے کے وزیر اعلی منفی باتیں کررہے ہیں، گورنر ہائوس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

کامران ٹیسوری نے کہا کہ 23 مارچ کا دن رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، قائد اعظم اور علامہ اقبال کا خواب پورا ہوا۔انھوں نے کہا کہ آج ہم آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں، پاکستان زندہ آباد کے نعرے کو ہمیشہ بلند رکھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے، آبادی کا 62 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری اور سہولت کونسل ایس آئی ایف سی پاکستان کا مستقبل ہے، کئی سالوں سے ہمارا مالی بحران چل رہا ہے، کئی اندرونی اور بیرونی سازشوں کی وجہ سے ایسا ہوا ہے۔اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ 23مارچ کو جو قرار داد پاس ہوئی وہ پاکستان کی آزادی کی بنیاد بنی، آج الحمدللہ آزاد ملک میں رہ رہے ہیں، دوسری طر ف فلسطینیوں کیساتھ ظلم اور قتل عام ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ قائد کے خواب کی خاطر سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، قوم اندرونی یا بیرونی سازشوں کے خلاف اکھٹی ہوجائے، پاکستان کی ترقی کیلئے قائد کے فرمان کو آگے بڑھانا ہوگا۔قبل ازیں گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور سندھ کے سینئروزیرشرجیل انعام میمن نے مزار قائد پرحاضری دی،فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے ۔گورنرسندھ نے مزار قائد پر رکھی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بندکیئے اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔