یوم پاکستان پر ملکی سیاست میں ایک نئی سیاسی جماعت نے انٹری دیدی

25 سے زائد شہروں میں ہمارا سیٹ اپ موجود ہے، پارٹی منشور 14 اگست کو پیش کریں گے اور آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ چئیرمین ’تحریک قومی سلامتی‘ کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 مارچ 2024 16:52

یوم پاکستان پر ملکی سیاست میں ایک نئی سیاسی جماعت نے انٹری دیدی
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ 2024ء ) لاہور میں یوم پاکستان کے موقع پر ایک نئی سیاسی جماعت ’تحریک قومی سلامتی‘ کی بنیاد رکھ دی گئی۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین تحریک قومی سلامتی محمد رضوان منیر نے کہا کہ 25 سے زائد شہروں میں ہمارا سیٹ اپ موجود ہے، پارٹی منشور 14 اگست کو پیش کریں گے اور آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے امیدوار میدان میں اتاریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے قیام سے لے کر اب تک نا اہل سیاست دانوں کی اکثریت قومی سیاست پر غالب رہی ہے، 76 سال گزر جانے کے باوجود وطن عزیز آج بھی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، ہم 9 مئی والوں کا مقابلہ بھی کریں گے جنہوں نے ملک کی سکیورٹی فورسز اور تنصیبات پر حملہ کیا اور ملک کو نقصان پہنچایا، تحریک قومی سلامتی فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر قوم کو یکجا کرے گی، کرپشن نے سرکاری اداروں کی جڑیں کھوکھلی کردیں، ہم لوگ کرپشن کا خاتمہ کریں گے، سرکاری سرپرستی میں کارخانے لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چئیرمین تحریک قومی سلامتی نے مزید کہا کہ نئے چہرے میدان میں اتاریں گے، ہماری پارٹی کسی ایسے امیدوار کو ٹکٹ نہیں دے گی جو پہلے انتخاب لڑچکا ہو، میڈیا کو مکمل اظہار رائے کی آزادی دی جائے گی، فیکٹریاں لگا کر نوجوانوں کو روزگار دیں گے اور ملک کو قرضوں سے نجات دلائیں گے، ہماری پارٹی کوشش کرے گی کہ اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے کم کریں اور ملکی حالات کو بہتر بنائیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کرنے والے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی اپنی علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کا اشارہ دے چکے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ نئی سیاسی جماعت جلد آئے گی، مشاورت کررہے ہیں، اگلے دو تین مہینوں مئی جون تک نئی سیاسی جماعت آجائے گی، اس جماعت میں مصطفی نواز کھوکھر، مفتاح اسماعیل سمیت کئی دیگر لوگ بھی شامل ہوں گے۔