علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مردان میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس تعمیر کرے گی

ہفتہ 23 مارچ 2024 20:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مردان میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس تعمیر کرے گی، اس حوالے سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گزشتہ روز مئیر مردان حمایت اللہ مایار اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، نیک محمد خان کے ساتھ ملاقات کی، وائس چانسلر نے انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات پر تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگرہمیں مردان میں مناسب جگہ پر زمین ملی تو ہم یونیورسٹی کا سٹیٹ آف دی آرٹ کیمپس تعمیر کردیں گے جس سے مردان کے طلبائ و طالبات کو بہت سہولت حاصل ہوجائے گی، انہیں گھر کی دہلیز پر تمام تر سہولتیں دستیاب ہوجائیں گی۔

حمایت اللہ مایار اور نیک محمد خان نے کیمپس کی تعمیر کے لئے یونیورسٹی کو مردان میں مناسب زمین لیز پر دینے کی یقنی دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے ڈائریکٹر اورک، ڈاکٹر طارق محمود، ِاوپن یونیوسٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان اور ڈاکٹر ملک طارق بھی شامل تھے۔وائس چانسلر کی قیادت میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی وفد نے عبدالولی خان یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں شرکت بھی کی۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گذشتہ روز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر نصیرالدین کے ساتھ بھی اٴْن کے آفس میں ملاقات کی تھی جس میں باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔وائس چانسلر مردان میں کیمپس کا دورہ بھی کریں گے جہاں طلبہ، اساتذہ اور سماجی شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی۔