پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ کے زیر اہتمام سیمینارکا انعقاد

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2024ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ کے زیر اہتمام ’’قرارداد لاہور کے 84 سال، مسلم لیگ، قائد اعظم اور پاکستان کا مطالبہ‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں فارمن کرسچن کالج یونیورسٹی لاہور سے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر سکندر حیات، چیئرمین شعبہ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں نامورتاریخ دان ڈاکٹر سکندر حیات نے قرارداد پاکستان کو درپیش چیلنجز یا تنقیدوں پر روشنی ڈالتے ہوئے علیحدہ مسلم اکثریتی ریاستوں کے قیام کے امکانات اور اقلیتوں کے حقوق پر مضمرات کے بارے میں خدشات پر بات چیت کی۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہم علاقائی مصنفین کو ترجیح نہیں دیتے بلکہ غیر ملکی مصنفین کو ترجیح دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قرارداد پاکستان کے موضوع پر بائیں بازو کے لوگوں کی غلط فہمیوں کو واضح کرتے ہوئے تحریک آزادی کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کے متحرک اور زیرک کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے عصری پاکستان میں قرارداد پاکستان کی پائیدار میراث اور قومی تشخص اور سیاست کی تشکیل میں اس کی مسلسل مطابقت پرشرکاء کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر محبوب حسین نے مہمان مقرر اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔