علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی مردان کے میئر حمایت اللہ مایار اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد خان سے ملاقات

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی مردان میں ایک جدید ترین کیمپس قائم کرے گی۔اس سلسلے میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے مردان کے میئر حمایت اللہ مایار اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیک محمد خان سے ملاقات کی۔ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اگر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو مردان میں کسی مناسب جگہ پر اراضی مل گئی تو وہاں یونیورسٹی کا جدید ترین کیمپس بنایا جائے گاجس سے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں مردان کے طلباء کے لیے بہت زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

انہیں تمام سہولیات ان کی دہلیز پر دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

حمایت اللہ مایار اور نیک محمد خان نے کیمپس کی تعمیر کے لیے مردان میں یونیورسٹی کو مناسب زمین لیز پر دینے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وفد نے وائس چانسلر کی قیادت میں عبدالولی خان یونیورسٹی میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں بھی شرکت کی۔ڈاکٹر ناصر محمود نے گزشتہ روز کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصیر الدین سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر مردان میں کیمپس کا بھی دورہ کریں گے۔