حویلی کہوٹہ، حالیہ شدید بارشوں،برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان متاثرین میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کر دئیے گئے

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:37

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) حالیہ شدید بارشوں،برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکمل اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے مالکان متاثرین میں حکومت پاکستان وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر جناب چوہدری انوار الحق کی طرف سے دی گئی امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کر دئیے گئے،اس حوالے سے مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی،تقریب میں ایس پی حویلی اسسٹنٹ کمشنر ز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں متاثرین کو باعزت طور پر ڈپٹی کمشنر حویلی، ایس پی نے امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کیے،چیک کی رقوم میں مکمل متاثرہ فیملی کو سات لاکھ اور جزوی نقصان کی صورت میں تین لاکھ پچاس ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے، حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے ''آفات سماوی'' کی مد سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات کی روشنی میں ایک لاکھ سے دو لاکھ رقم کے چیکس کی صورت میں امداد دی گئی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بروقت متاثرین کے لیے امدادی رقم فراہم کی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھاکہ چیف سیکرٹری کے احکامات کی روشنی میں انصاف کے تحت متاثرین کو امداد فراہم کی گئی ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین کا کہنا تھا آئیندہ بھی ضلعی انتظامیہ اپنی ہر ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کریگی۔اس موقع چپر متاثرین نے وزیر اعظم پاکستان وزیر اعظم آزاد کشمیر وزیر حکومت جناب فیصل ممتاز راٹھور اور ڈپٹی کمشنر حویلی کا شکریہ ادا کیا۔