پاکستان اور سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیداروں کے حالیہ دوروں کے تبادلوں سےدونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعاون کے لیے مضبوط بنیاد پراتحاد کی فضا قائم ہوئی ،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان حالیہ دوروں کے تبادلوں نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اتحاد کو اجاگر کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تعاون کے لیے مضبوط بنیاد پراتحاد کی فضا قائم ہوئی ہے۔

ہفتہ کومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور صدر پاکستان نے انہیں نشان پاکستان سے نوازا۔ پاکستان علماکونسل چیئرمین نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر اسلامی عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے میں آرمی چیف کی ثابت قدمی اور کاوشیں قابل ستائش ہیں جو مسلم دنیا میں یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی دورے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے قد کو بڑھانے کے مقصد سے سفارتی اقدامات کی کامیابی کا ٹھوس ثبوت ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار دوستی مضبوط تعاون ،غیر متزلزل اور باہمی مشاورت پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد مسئلہ فلسطین سے متعلق حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی فعال مصروفیت نے اہم علاقائی مسائل پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کیا ہے۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا طویل انتظار، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل جیسے اقدامات کی مظہر ہے، جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ وسیع تر اسلامی برادری کے درمیان اقتصادی تعاون کے لیے ایک امید افزا راستے کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع کا دورہ پاکستان نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگ میل کی علامت ہے بلکہ سعودی عرب اور پاکستان کی عسکری قیادت کے درمیان تعاون کی گہرائی کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے دفاعی تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز کیا، جس سے مضبوط اسٹریٹجک صف بندی اور باہمی ترقی کی راہ ہموار ہوئی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اتحادی ممالک بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ خوشگوار تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے سیاسی اور اقتصادی دونوں محاذوں پر نئے سنگ میل عبور کرنے کے لیے تیار ہے۔