یوم پاکستان ،پریڈ میں ملک میں تیار کیے گئے دشمن پر ہیبت طاری کرنیوالے ہتھیاروں کی نمائش ،حیدر ٹینک توجہ کا مرکز بنا رہا

اتوار 24 مارچ 2024 13:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں ملک میں تیار کیے گئے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گرائونڈ میں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔

یوم پاکستان پریڈ میں جنگی ہتھیاروں کی نمائش کیساتھ ساتھ پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور فوجی دستوں نے سلامی پیش کی۔مسلح افواج میں شامل خواتین کے دستوں کے علاوہ چین اورآذربائیجان کے فوجی دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

پریڈ میں ملک میں تیار کئے گئے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے ہتھیاروں کی نمائش کی گئی اور پاک فوج میں شامل کیا جانے والا حیدر ٹینک توجہ کا مرکز بنا رہا۔

حیدر ٹینک چین کے اشتراک سے مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے،فتح ون اور فتح 2راکٹ بھی پریڈ کا حصہ بنے۔ ڈرون طیارے شاہپر 2اور عقاب نے بھی حاضرین کی داد وصول کی۔اس کے علاوہ رعد ون، رعد 2، نصر میزائل سسٹم اور بیلسٹک میزائل شاہین ون اور شاہین 2 بیلسٹک میزائلز کو بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں پیش کیا گیا۔