الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے ،انجینئرفضل کریم کاکڑ

حکومت سے نہ معاشی حالات بدلنے کی امید ہے اور نہ سیاسی افراتفری ختم ہوگی ،رہنماجے یوآئی

اتوار 24 مارچ 2024 16:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنما ء انجینئر فضل کریم کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے جس کی گونج امریکہ کے ایوانوں تک پہنچ گئی اور فارم 47کے تحت کمزور حکومت بنائی گئی جس کو عوام کا مینڈیٹ حاصل نہیں ہے حکومت سے نہ معاشی حالات بدلنے کی امید ہے اور نہ سیاسی افراتفری ختم ہوگی بلکہ معاشی حالات مزیدبے قابو ہونگے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر فضل کریم کاکڑ نے کہا کہ حکومت وقت مزیدقرضہ لینے کا سوچ رہی ہے جس سے ملک مزید قرض تلے دب جائے گا قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے عوام سے جینے کاحق چھیناجارہاہے ان حالات میں جمعیت علماء اسلام کی لیڈرشپ کا فیصلہ خوش آئند ہے انہوں نے اس کمزور حکومت میں شامل ہونے سے صاف انکار کیا اورپورے ملک میں الیکشن کے نتائج کو مسترد کردیا ۔

(جاری ہے)

انجینئر فضل کریم کاکڑ نے کہاکہ ملک میں الیکشن نہیں آکشن ہوا افسوس ہے کہ سیاسی روایات بدل گئیں نگران کابینہ کے وزراء کا بدقسمتی سے منتخب کابینہ کا حصہ بننا سیاسی روایات کے منافی ہے ملک میں مزید بے چینی بڑھنے کا خدشہ ہے جس کے لئے ملک کی حقیقی لیڈرشپ کو عوام کی فلاح کیلئے جمہوری طریقے سے جدوجہدکی ضرورت ہے۔