پی سی بی کے سابق چیئرمین شہر یارخان کو سپردخاک کردیا گیا

اتوار 24 مارچ 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین شہر یارخان کو سپردخاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ بھوپال ہائوس بابا ولایت علی شاہ مزار ملیر سٹی میں ادا کی گئی۔ بعدازاں انہیں بھوپال ہائوس ملیر میں والدہ کے پہلومیں سپردخاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین شیخ، سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری، سرفراز احمد و دیگر نے شرکت کی۔

شہریار خان ہفتہ کو طویل علالت کے بعد لاہورمیں 89برس کی عمرمیں انتقال کرگئے تھے۔تدفین کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی رہنما سابق ڈپٹی ناظم کراچی نسرین جلیل، رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور نواب گھرانوں کی شخصیات، سفارت کار و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شہریار خان کی قبرپر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق صدور نجم سیٹھی اور ذکا اشرف کی طرف سے بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

دومرتبہ چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر فائز رہنے والے شہریار خان پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تصور کئے جاتے تھے، نواب گھرانے سے تعلق رکھنے والے شہریار خان 29مارچ 1934 کو لکھن بھارت میں پیدا ہوئے۔انگلینڈ میں اعلی تعلیم پانے والے شہر یار خان کے خاندان نے تقسیم ہند کے بعد پاکستان آ کر کراچی میں سکونت اختیار کی تھی، پاکستان کی وزارت خارجہ سے وابستہ شہر یار خان معروف سفارت کار تصور کیے جاتے تھے، وہ برطانیہ اور فرانس میں پاکستان کے سفیر بھی رہے۔

شہر یارخان بھارتی ریاست بھوپال کے آخری حکمران نواب حمید اللہ خان کی سب سے بڑی صاحبزادی اور ریاست کی ولی عہد شہزادی عابدہ سلطان کے اکلوتے بیٹے تھے، شہزادی عابدہ سلطان بھی برازیل میں سفیررہیں، شہر یارخان معروف بھارتی اداکار سیف علی خان کے والد اور بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور 4بچے چھوڑے ہیں۔ دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ان کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے۔