صوبائی وزیر سیاحت کا لاڑکانہ کے لائبریری کا دورہ

اتوار 24 مارچ 2024 21:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے لاڑکانہ میں سر شاہنواز خان بھٹو لائبریری کا دورہ کیا جہاں ان کے ہمرام رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو، سیکریٹری کلچر خالد چاچڑ، میئر لاڑکانہ، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی تھے، دورے کے دوران صوبائی وزیر نے لائبریری کے مختلف حصوں کا جائزہ لے کر لائبریری میں سہولیات مزید بہتر بنانے کیلئے عملے کو ہدایات دی اور کہا کہ فوری لائبریری کا فرنیچر تبدیل اور پانی سمیت دیگر سہولیات یقینی بنائی جائیں، صوبائی وزیر کا لائبریری میں کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ فراہم کرنے اور لائبریری میں طلباء کیلئے موجود مختلف سیکشنز کو اپگریڈ اور تمام سہولیات مہیا کرنے کی ہدایات دیں، بعد ازاں صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ محکمے کی جانب سے قائم بک اسٹور کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سر شاہنواز بھٹو لائبریری میں عوام کو تمام سہولیات مہیا ہونگی، طلباء و طالبات کیلئے مزید سہولتیں شروع کرنے جارہے ہیں، لائبریری کو ڈجیٹلائیز کرنے کیساتھ مزید نئی کتابیں کمپیوٹرز لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، اس سے قبل صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نوادرات، آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ کی گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے قائد عوام شہیدذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کرکے شہداء جمہوریت کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور آئین کی بالادستی کیلئے بھٹو خاندان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، جبکہ صوبائی وزیر نے گڑھی خدابخش بھٹو میں مزار پر موجود غیر ملکیوں سے بھی ملاقات کی۔