معروف شاعر سراج الدین ظفر یوم پیدائش منایا گیا

پیر 25 مارچ 2024 14:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) معروف شاعر سراج الدین ظفر کی یوم پیدائش پیر کو منایا گیا۔ان کا پورا نام سراج الدین اور تخلص ظفر تھا۔ وہ 25مارچ 1912ء کو جہلم میں پیدا ہوئے۔ 1928 میں میٹرک اور 1930 میں ایف سی کالج لاہور سے ایف اے کیا۔ پھر کالج کی تعلیم چھوڑ کرہوابازی کی تعلیم شروع کی اور دہلی فلائنگ کلب سے ہوابازی کا اے کلاس لائسنس حاصل کیا۔

والد کے ناگہانی انتقال کے وجہ سے یہ سلسلہ منقطع کرنا پڑا۔ 1933 میں ایف سی کالج سے بی اے کیا۔ 1935 میں ایل ایل بی کیا۔ ابتدا میں انھوں نے وکالت شروع کی لیکن جلد ہی اس پیشہ سے ان کی طبیعت اکتا گئی۔ دوسری جنگ عظیم میں افسر کی حیثیت سے ہوائی فوج میں بھرتی ہوگئے اور دس برس تک متعدد عہدوں پر فائز رہے۔

(جاری ہے)

1950 میں اس ملازمت کو خیرباد کہا اور تجارت کی طرف متوجہ ہوگئے۔

سراج الدین ظفر ، اردو کے علاوہ انگریزی میں بھی شاعری کرتے تھے۔ ان کے دوشعری مجموعے ’’زمزمۂ حیات‘‘ اور ’’غزال وغزل‘‘ شائع ہو چکے ہیں۔ غزال وغزل پر ان کو 1969 میں آدم جی ایوارڈ ملا۔سراج الدین ظفرکے افسانوں کا مجموعہ ’’آئینے‘‘ 1943ء میں فیروز سنز نے شائع کیا۔ شروع میں انہوں نے سیماب اکبرآبادی سے اصلاح لی۔سراج الدین ظفر 6مئی 1972 کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔سراج الدین ظفرکی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات میں علمی و ادبی حلقے ان کی ادبی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔