Live Updates

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے نازیبا اشاروں پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کاواک آﺅٹ

ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن بینچز کی جانب سے مبینہ نازیبا اشارے کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2024 14:29

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے نازیبا اشاروں پر صوبائی وزیر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2024 ) پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے دوران اپوزیشن کے نازیبا اشاروں پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے واک آﺅٹ کردیا جبکہ ڈپٹی اسپیکر نے معاملے پر انکوائری کا حکم دیا ہے سالانہ صوبائی بجٹ 24-2023 پر عام بحث کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرظہیر چنڑ کی صدارت میں 2 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا.

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے ہاتھوں میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کے بینرز تھام لیے، اس موقع پر رکن اسمبلی رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ فئیر ٹرائل نہیں ہو رہا رکن سنی اتحاد کونسل چوہدری معین الدین نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ نے عمران خان کو براہ راست دھمکی دی ہے، رانا ثنااللہ کی دھمکی کو نظر انداز نہیں کر سکتے کیونکہ عمران خان کے ساتھ وزیر آباد میں بھی حادثہ ہو چکا ہے.

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے، شاہ محمود قریشی ، یاسمین راشد ،محمود الرشید ، عمر سرفراز سب جیل میں ہیں، حق کی طرف بات کریں دریں اثنا رہنما مسلم لیگ (ن) عظمیٰ بخاری نے نقطہ اعتراض پر بات کرنے کا آغاز کیا، انہوں نے اپوزیشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ گلی محلوں کے غنڈوں کی طرح بات کررہے ہیں.

عظمیٰ بخاری کے خطاب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شورشرابہ جاری رہا، اس دوران اپوزیشن رکن کی جانب سے مبینہ طور پر نازیبا اشارے کیے گئے جس پر عظمیٰ بخاری نے احتجاجاً ایوان سے واک آﺅٹ کرلیا، ایوان میں بیٹھی تمام مسلم لیگ (ن) سے وابستہ خواتین بھی احتجاجاواک آﺅٹ کر گئیں. ڈپٹی اسپیکر نے عظمیٰ بخاری کے خطاب کے دوران اپوزیشن بینچز کی جانب سے مبینہ نازیبا اشارے کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا مزید برآں ڈپٹی اسپیکر نے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کو عظمیٰ بخاری کو مناکر ایوان میں لانے کی ہدایت دی، بعدازاں عظمیٰ بخاری و دیگر خواتین کو مسلم لیگ (ن) کے ارکان منا کر واپس ایوان میں لے آئے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات