سرگودھایونیورسٹی کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ،دو نجی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ طے

پیر 25 مارچ 2024 15:33

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) سرگودھایونیورسٹی نے مین کیمپس سمیت دیگر کیمپسز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس ضمن ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی نےدو نجی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کیا جس کے تحت مین کیمپس، علامہ اقبال کیمپس اور زرعی کالج میں 2.6میگا واٹ کے تین سولر انرجی پراجیکٹس تین ماہ میں مکمل کیے جائیں گے۔

تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر یونیورسٹی ملک احمد یار، نمر انرجی لمٹیڈ لاہور کے ریجنل سلیز مینجر ظفرخان اور نیکس انجینئرنگ لمیٹیڈ کے شیخ سعید، یونیورسٹی انجینئروحید احمد اور ملک ذوالفقار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

باہمی یادداشت کے سمجھوتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی کو سولر انرجی پر منتقل کرنا گرین انرجی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور کسی بھی قسم کی آلودگی سے پاک یہ منصوبہ حکومت کی بجلی بچاؤ منصوبے کی جانب ایک غیر معمولی اقدام ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے سولر انرجی منصوبہ کوعملی شکل دینے کیلئے محنت کرنے پر کنوینئر سولر ائزیشن یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین کی تعریف کی اور سولرمنصوبے کا سول ورک شروع ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے 2.6میگا واٹ کے اس منصوبے پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر ورکس اور منصوبے کا کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کمپنیوں اور ذمہ داران کو ہدایات دیں کہ منصوبے کو بلا تاخیر جاری رکھا جائے تاکہ یونیورسٹی میں بجلی کی ترسیل کاکسی بھی قسم کا کوئی تعطل نہ آئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے کہا کہ بدلتے وقت اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے سولر انرجی کا منصوبہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے اوّلین اور ترجیحی منصوبوں میں شامل تھا۔ جس کو ہماری ٹیم نے تمام قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے شروع کیا۔

اس موقع پرانہوں نے وائس چانسلر، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور سٹاف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے یہ مبارک دن ہے جب ایک بڑے منصوبے کو شروع کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ورکس ملک احمد یار نے منصوبے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نمر انرجی لمیٹڈلاہور یونیورسٹی مین کیمپس میں 2170کلوواٹ اور کالج آف ایگری کلچر میں 275کلو واٹ کا سولر لگائے گی جبکہ نیکس انجینئرنگ لمیٹڈ علامہ اقبال کیمپس میں 150کلو واٹ کا سولر لگائے گی اور منصوبہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی ہدایت کے مطابق 3ماہ میں مکمل ہونے کے بعد جون2024 میں مکمل ورکنگ ہو گا۔

اس سلسلہ میں سول ورکس کی ڈرائنگ مکمل ہو چکی ہے اور آج سے ہی یہ منصوبہ شروع ہو رہا ہے۔ اس موقع پر نمرانرجی لاہور کے ظفر خان اور نیکس انجینئرنگ کے شیخ سعید نے بھی خطاب کیا۔