Live Updates

پنجاب اسمبلی اجلاس ،عظمیٰ بخاری کااپوزیشن اراکین کے نازیبا اشارے کرنے پر ایوان سے واک آﺅٹ

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیا، اگرکسی نے نازیبا اشارے کئے ہیں تو کارروائی ہوگی، تمام کیمروں سے چیک کیا جائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 25 مارچ 2024 15:29

پنجاب اسمبلی اجلاس ،عظمیٰ بخاری کااپوزیشن اراکین کے نازیبا اشارے کرنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مارچ2024 ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اپوزیشن اراکین کی جانب سے نازیبا اشارے کرنے پر ایوان سے واک آﺅٹ کر گئیں،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیا۔ڈپٹی سپیکر کا کہنا تھا کہ اگرکسی نے نازیبا اشارے کئے ہیں تو کارروائی ہوگی، تمام کیمروں سے چیک کیا جائے گا۔

سالانہ صوبائی بجٹ 24-2023 پر عام بحث کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرظہیر چنڑ کی صدارت میں 2 گھنٹے 17 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز پر مخصوص نشستوں پر دو خواتین ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا، کنول نعمان اور صائمہ رائے سے ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے حلف لیا، دونوں ارکین اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی عظمیٰ بخاری نے نقطہ اعتراض پر بات کرنے کا آغاز کیا، انہوں نے اپوزیشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ گلی محلوں کے غنڈوں کی طرح بات کررہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے خطاب کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شورشرابہ جاری رہا، اس دوران اپوزیشن رکن کی جانب سے مبینہ طور پر نازیبا اشارے کئے گئے جس پر عظمیٰ بخاری نے احتجاجاً ایوان سے واک آوٴٹ کرلیا، ایوان میں بیٹھی تمام مسلم لیگ (ن) سے وابستہ خواتین بھی احتجاجاً واک آﺅٹ کر گئیں۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے عظمیٰ بخاری کے خطاب کے دوران اپوزیشن بینچز کی جانب سے مبینہ نازیبا اشارے کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

ڈپٹی سپیکر نے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کو عظمیٰ بخاری کو مناکر ایوان میں لانے کی ہدایت دی، بعدازاں عظمیٰ بخاری و دیگر خواتین کو مسلم لیگ (ن) کے ارکان منا کر واپس ایوان میں لے آئے۔اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے ہاتھوں میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کے بینرز تھام لئے، اس موقع پر رکن اسمبلی رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ فئیر ٹرائل نہیں ہو رہا۔

پرویز الٰہی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے، شاہ محمود قریشی ، یاسمین راشد ،محمود الرشید ، عمر سرفراز سب جیل میں ہیں، حق کی طرف بات کریں۔پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں بھی بجٹ پر بحث جاری رہے گی جبکہ کل (منگل) کے روز بجٹ پر عام بحث سمیٹی جائے گی، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان بجٹ پر بحث سمیٹیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات