Live Updates

صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج کی نگران وزارتی کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

پیر 25 مارچ 2024 16:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج کی نگران وزارتی کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ میں ہوا، جس میں صوبائی وزرا بلال یاسین، عاشق حسین کرمانی،عظمی بخاری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں رمضان پیکیج پر عملدرآمد، اشیا ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔وزارتی کمیٹی نے گزشتہ تین روز میں چکن کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہارکیا۔اجلاس کے دوران وزارتی کمیٹی نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور کہاکہ رمضان کے آخری عشرے میں پولٹری کی مارکیٹ میں سپلائی پر کڑی نظر رکھی جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر کامیابی سے جاری ہے، اب تک 49 لاکھ سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جاچکا ہے،عوام کو ماہ مقدس میں معیاری اشیا ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں، سپلائی کی صورتحال بہتر ہونے سے قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ فوڈ اتھارٹی کے افسران کو اضلاع میں زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے،ماڈل و رمضان بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ثابت ہورہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہاکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو چکن کی قیمتوں میں کمی کا ٹاسک دیا جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو مناسب قیمت پر چکن کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ 13رمضان المبارک تک ساڑھے 9 لاکھ انسپیکشنز کی گئیں اور 63لاکھ947خلاف ورزیاں سامنے آئیں جبکہ 2105مقدمات درج کئے گئے اور 6136افراد کو گرفتار کر کے7کروڑ 4لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات