آرمی ٹریننگ کیمپ میں 29 پاکستانی کرکٹر حصہ لیں گے

DW ڈی ڈبلیو پیر 25 مارچ 2024 16:20

آرمی ٹریننگ کیمپ میں 29 پاکستانی کرکٹر حصہ لیں گے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 25 مارچ 2024ء) پاکستان آرمی کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹرز کو پاکستان آرمی کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں دو ہفتوں کی فٹنس ٹریننگ دی جائے گی۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دیے گیے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کی فہرست میں فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم بھی شامل ہوں گے۔

عامر اور وسیم انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد پھر سے واپسی کر رہے ہیں۔ محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کے چار سال بعد پی سی بی کی جانب سے رابطہ کیے جانے کے بعد اپنا فیصلہ واپس لینے کا اعلان کیا ہے جبکہ عماد وسیم نے کہا ہے کہ فیصلے میں تبدیلی کی وجہ پی سی بی کا ان پر دوبارہ اعتماد ظاہر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑی اب جون میں امریکہ اورکیریبین میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انتخاب کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی میزبانی کرے گا اور دو جون کو ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلے گا۔

پاکستان سُپر لیگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ گزشتہ ہفتے ختم ہوا۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کیے جانے والے اس کیمپ میں خاص حکمت عملی کے تحت کھلاڑیوں کی جسمانی و ذہنی طاقت کو بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا تاکہ وہ کھیل کے دوران آنے والے چیلنجز کا بہترین انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔

26 مارچ تا آٹھ اپریل منعقد کیے جانے والے فٹنس کیمپ کا انعقاد کاکول اکیڈیمی ایبٹ آباد میں کیا جائے گا۔

بمرا کی شاندار واپسی، پاکستان کے لیے تیاری شروع

تربیت کے دوران کھلاڑیوں کو ایک جامع تربیتی کورس سے گزرنا ہو گا، جس کا مقصد ان کی فٹنس، لیڈرشپ اور سوچنے کی حکمت عملی سمیت کھیل کے میدان میں مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہو رہا کہ جب پاکستان کے معروف کرکٹرز کو اس طرح سے کسی فوجی فٹنس کیمپ میں بھیجا جارہا ہے۔ سن 2016 میں قومی ٹیم کو مصباح الحق کی کپتانی میں بھی انگلینڈ سیریز سے قبل کاکول کے ٹریننگ کیمپ میں تربیت کے لیے بھیجا گیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، جن 29 کھلاڑیوں کو فٹنس کیمپ بھیجا جائے گا، ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں: عامر جمال، ابرار احمد، اعظم خان، بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسیب اللہ، افتخار احمد، عماد وسیم، عرفان خان، مہران ممتاز، عباس آفریدی، محمد علی، محمد عامر، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، اسامہ میر، عثمان خان اور زمان خان۔

ف ن/ ا ا ( اے پی )