پرنسپل ایچی سن کالج کا گورنرہاؤس سیکرٹریٹ کو بھیجا گیا خط سامنے آگیا

8 برس میں کسی بچے کے والدین نے طویل رخصت پر اعتراض نہیں کیا ، طویل رخصت کی فیس لینے کے بعد بچوں کے داخلے بحال کئے گئے، فیس کے بغیر بچوں کو داخلہ دینا کالج پالیسی کی سراسر خلاف ورزی تھی۔ خط کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 25 مارچ 2024 19:36

پرنسپل ایچی سن کالج کا گورنرہاؤس سیکرٹریٹ کو بھیجا گیا خط سامنے آگیا
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مارچ 2024ء) پرنسپل ایچی سن کالج لاہور مائیکل اے تھامسن کا گورنرہاؤس سیکرٹریٹ کو بھیجا گیا خط سامنے آگیا، جس میں کہا گیا کہ فیس کے بغیر بچوں کو داخلہ دینا کالج پالیسی کی سراسر خلاف ورزی تھی۔ میڈیا کے مطابق پرنسپل ایچی سن کالج کے گورنرہاؤس سیکرٹریٹ کو بھیجے گئے خط کے متن میں کہا گیا کہ 8 برس میں کسی بچے کے والدین نے طویل رخصت کی پالیسی پر اعتراض نہیں کیا ، ماضی میں پالیسی کے تحت طویل رخصت کی فیس لینے کے بعد بچوں کے داخلے بحال کئے گئے۔

طویل رخصت کے معاملے کو بورڈ آف گورنرز اجلاس میں رکھنے کیلئے تین خط لکھے گئے۔ فیس کے بغیر بچوں کو داخلہ دینا کالج پالیسی کی سراسر خلاف ورزی تھی۔ یاد رہے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے ایک وفاقی وزیر کے بچوں کے جرمانہ معافی کے لیے پرنسپل ایچی سن کالج کو خط لکھا گیا، تاہم مائیکل اے تھامسن نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایچی سن کالج کے پرنسپل مائیکل اے تھامسن نے عملے کے نام ایک خط بھی لکھا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں اقربا پروری اور سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، بورڈ کی سطح پر جو ہو رہا ہے وہ آپ سب کو معلوم ہے، کالج کی شہرت کی حفاظت کے لیے بھرپور کوشش کی لیکن چند افراد کی خاطر پالیسیوں میں تباہ کن تبدیلیاں لائی گئیں اور گورنر ہاؤس کے جانبدارانہ اقدامات کے باعث گورننس کا نظام تباہ ہو گیا۔

دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کے استعفے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انکوائریز سے بچنے کیلئے پرنسپل ایچی سن کالج نے یہ حربہ اپنایا ہے، مائیکل تھامسن ایک سال میں 100 سے زائد چھٹیاں کرتے تھے۔ پرنسپل ایچی سن کالج دو مرتبہ استعفے کی درخواست دے چکے تھے، بورڈ نے نئے پرنسپل کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے استعفیٰ قبول نہیں کیا تھا، تاہم اگست 2024 میں پرنسپل کا استعفیٰ قابل عمل ہو جانا تھا۔

اگلے مہینے ایچی سن کالج کے نئے پرنسپل کی تعیناتی فائنل کر لی گئی ہے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کی 40لاکھ تنخواہ لینے کا آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ احد چیمہ کے بچے ایچی سن میں نہیں جا پا رہے تھے توان پر جرمانوں کا جواز نہیں بنتا تھا۔ بطور گورنر پنجاب احد چیمہ کی درخواست کو قانونی طریقوں پر پورا اترنے پر منظور کیا ہے۔ احد چیمہ اور ان کے بچوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ ملازمت کی وجہ سے ایک سال سے اسلام آباد میں تعینات تھے، احد چیمہ کے بچے ایچی سن میں نہیں جا پارہے تھے اور جو کلاسز ان بچوں نے نہیں لی تھیں ان کی فیس معاف کرانے کی درخواست دی تھی۔