Live Updates

فیصل آباد میں میٹرو اور 100سپیڈو بسیں لا رہے ہیں،وزیراعلیٰ مریم نواز اور نواز شریف کا فیصل آباد کے ارکان اسمبلی سے اظہار خیال

پیر 25 مارچ 2024 22:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے پیر کو دورہ فیصل آباد کے موقع پر فیصل آباد ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ان سے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو حلقے کے مسائل اور عوام کی ضروریات سے آگاہ کیا اور متعلقہ حلقوں میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ارکان اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کو مبارکباد دی۔ارکان اسمبلی نے صاف ستھرا پنجاب اوردیگر اختراعی پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔قائد محمد نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائیں گے۔

(جاری ہے)

ہماری حکومت کونہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا، ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جوکیاسب نے دیکھا۔مسلم لیگ (ن) کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے، ایک دو سال مشکل سہی،آسودگی کاوقت ضرور آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ سیاست دان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔ آپ کی وزیراعلی آپ کے ساتھ ہے، ملکر صوبے اور ملک کیلئے کام کریں۔

ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کا بہت دکھ ہے، ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے، فیصل آباد میں 100 سپیڈو بسیں بھی لا رہے ہیں۔فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم بھی لا رہے ہیں۔کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پنجا ب بھر میں 600روڈ کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3موٹر ویز بنائیں گے۔صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔پنجاب کے تمام اضلاع سیف سٹی، آئندہ 3 ماہ میں 18 شہر وں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا۔ پنجاب بھر میں 48لاکھ سے زیادہ رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہوچکے ہیں۔طلبہ اور طالبات کو20 ہزار موٹر بائیکس دیں گے، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی۔

طلبہ کو لیپ ٹاپ اور آئی پیڈز بھی دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاکہ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔ دیہات سمیت تمام اضلاع میں پی پی موڈ پر ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئندہ 3 ماہ میں قائم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈور پھرنے کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے،بچے کے ساتھ ظلم ہوا، واقعہ نظر انداز نہیں کرسکتے۔

ورکروں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے قانون لارہے ہیں،عمل بھی کرائیں گے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری،آئی جی اور دیگر حکام بھی موجودتھے۔ سینیٹ ٹکٹ ہولڈرطلال چوہدری،رکن قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر،ممبر صوبائی اسمبلی خان بہادر،جعفر علی ہوچہ، چوہدری عارف گل،راؤ کاشف رحیم،ظفر اقبال ناگرہ،عظمیٰ جبین، قدسیہ بتول اور خلیل طاہر سندھوموجود تھے۔

ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ مریم نوازشریف سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ مسلم لیگ ن فیصل آباد کے ٹکٹ ہولڈرزرانا ثناء اللہ خان، آزاد علی تبسم، نواب شیر وسیر، علی گوہر بلوچ، محمد قاسم فاروق،عرفان احمد،عابد شیر علی،حاجی محمد اکرم انصاری،دانیال احمد،شعیب ادریس،محمد اشرف چوہدری،محمد صفدر شاکر،خالد پرویز،محمد اجمل آصف،حامد رشید،فقیر حسین ڈوگر،اسرار احمد خان،علی عباس خان،محمد یوسف،محمد طاہر پرویز،احمد شیریار،محمد رضوان بٹ،محمد رزاق ملک بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف فیصل آباد میں واسا کے جاں بحق ہونیوالے سیور مینوں کی رہائش گاہ گئے۔واسا فیصل آباد کے آصف مسیح اور شان مسیح سیوریج کی صفائی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آصف مسیح کے والد الیاس مسیح اور شان مسیح کے والدمشتاق مسیح سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متوفی کے بچوں کو گود میں بٹھا کر پیار کیااور متوفی کی والدہ کو دلاسا دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ واسا کو اپنے سیور مینوں کی حفاظت کے لئے بھرپور اقدامات کرنے چاہئیں۔ پنجاب میں ورکرز کے لئے آکو پیشنل سیفٹی کٹس دی جارہی ہیں۔ ہر ورکر میرے لئے اہم ہے، ہر جان قیمتی ہے۔محمد نوازشریف نے کہاکہ آصف اور شان کے دوران ڈیوٹی ہلاک ہونے کا بے حد دکھ ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، طلا ل چوہدری، خلیل طاہر سندھو، مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما، چیف سیکرٹری، آئی جی کمشنر،آر پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف فیصل آباد میں ریلوے ہاؤسنگ کالونی سمن آباد میں دھاتی تار سے جاں بحق ہونے والے نوجوان آصف اشفاق کی رہائش گاہ گئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور قائد محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کے والد محمد اشفاق اور دیگر اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اور قائد محمد نواز شریف نے آصف اشفاق کی وفات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم آصف اشفاق کی والدہ کو گلے لگا کر تسلی دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ ماں ہوں اور ماں کے دکھ کو سمجھتی ہوں، آصف اشفاق کی دردناک موت پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پتنگ بازی تفریح نہیں خونی کھیل بن چکا ہے، والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی سے رو کنے کی سماجی ذمہ داری پوری کریں۔ دھاتی تار بنانے،بیچنے اور خریدنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

قائد محمد نواز شریف نے سوگوارخاندان کو دلاسہ دیا اورکہاکہ سب ملکر اس جرم کو روکیں،خوفناک ویڈیو دیکھی نہیں جاتی۔ آئی جی پولیس نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کی گرفتاری کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہاکہ ڈور منگوانے،بیچنے اور خریدنے والے ٹریس ہوچکے ہیں۔کے پی کے سے پانڈا ڈور سپلائی کی جا رہی تھی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹرپرویز رشید، ارکان اسمبلی، مسلم لیگ ن کے رہنماء، چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات