کراچی : بھتہ خوری میں ملوث لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

پیر 25 مارچ 2024 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) عیدگاہ پولیس نے دہشت گردی، بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں عیدگاہ پولیس نے بھتہ خوری میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے بتایا کہ ملزم اشفاق احمد کے قبضے سے ہینڈگرنیڈاور اسلحہ بھی برآمد ہواہے۔

ایس ایس پی سٹی نے کہا کہ گرفتار ملزم لیاری گینگ وارکا انتہائی متحرک دہشتگرد ہے، ملزم منظم طریقے سے بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ملزم استاد تاجو، وصی اللہ لاکھو اور ایاززہری گروہ کا کارندہ تھا، اشفاق حسین نی2016میں گینگ وارکمانڈرفیصل ملاکیلئے کام شروع کیا۔

(جاری ہے)

ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ، جس میں بھتہ نا دینے پر متعدد ہینڈگرنیڈاورفائرنگ کااعتراف کیا تاہم گرفتار ملزم سے مذید تفتیش کر Hرہے ہیں۔

ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے مزید بتایا کہ ملزم اشفاق حسین نے ویڈیو بیان میں کہا کہ 2016 بولٹن مارکیٹ میں فائرنگ کی، فیصل ملا کے احکامات پر پرائزبانڈ مارکیٹ میں گولیاں چلائی،دو دن بعد مجھے ملزم کو انعام کے طور پر 20 ہزار روپے ملے۔اشفاق حسین نے کہاکہ 2016 میں ہی کھارادرمیں لیس کی دکان پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا ، دکان پر گرنیڈ بھتہ نا دینے کی وجہ سے پھینکا، اسی طرح 2016 میں ابوالحسن اصفہانی روڈ شراب کی دکان پر بھیجا گیا،شراب خانے پر فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے۔

ملزم نے بتایا کہ کھارادر میں خالی پلاٹ پرگرنیڈ پھینکا جس سے 8 سے 9 افراد زخمی ہوئے، تمام احکامات فیصل ملا کے ذریعے موصول ہوتے تھے، فیصل کو ہدایات وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کی جانب سے دی جاتی تھی۔