بجلی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات عوام سے وصول کرنے کی تیاریاں

بجلی کی 4 تقسیم کار کمپنیوں نے 1795 ارب روپے مانگ لیے، درخواستوں پر نیپرا اگلے ماہ سماعت کرے گی

muhammad ali محمد علی پیر 25 مارچ 2024 20:43

بجلی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات عوام سے وصول کرنے کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2024ء) بجلی کمپنیوں کے ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات عوام سے وصول کرنے کی تیاریاں، بجلی کی 4 تقسیم کار کمپنیوں نے 1795 ارب روپے مانگ لیے، درخواستوں پر نیپرا اگلے ماہ سماعت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی 4 تقسیم کار کمپنیوں نے ملٹی ایئر ٹیرف کی مد میں 1795 ارب روپے کی وصولی کیلئے نیپرا میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سال 25-2024 کے لیے 852 ارب روپے مانگے ہیں جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 400 ارب روپے مانگے ہیں۔ اسی طرح فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے سال 25-2024 کے لیے 501 ارب روپے مانگے ہیں اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) نے 41 ارب روپے طلب کر لیے۔ کمپنیوں کی جانب سے درخواستوں میں پیسے تنخواہ، مراعات، ویلنگ چارجز اور دیگر مد میں مانگے گئے ہیں جبکہ نیپرا اتھارٹی 2 اور 3 اپریل کو سماعت کرے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ واضح رہے کہ اس سے قبل دیگر 6 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے بھی 967 ارب روپے مانگ لیے جس کے لیے نیپرا اتھارٹی میں ملٹی ایئر ٹیرف کی درخواستیں جمع کرا دی گئیں۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سال 2024-25 کے لیے 236 ارب روپے سے زائد کی درخواست کی ہے۔ گوجرانولہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 313 ارب روپے اور ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 160 ارب روپے مانگے ہیں۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 67 ارب روپے کی درخواست کی ہے جبکہ سکھر الیکٹرک پاور پلائی کمپنی نے 35 کروڑ روپے اور ٹیسکو نے 92 ارب روپے مانگ رکھے ہیں۔ درخواستوں میں تنخواہیں، مراعات اور ریٹائرمنٹ کے بعد فائدے شامل ہیں جبکہ آپریشن اینڈ مینٹیننس کاسٹ، ویلنگٹن چارجز سمیت دیگر مد میں پیسے بھی مانگے گئے ہیں۔ نیپرا اتھارٹی تقسیم کارکمپنوں کی درخواستوں پر 2 اور 3 اپریل کو سماعت کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر نیپرا بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست منظور کرتی ہے تو یہ 967 ارب روپے بجلی مہنگی کر کے عوام کی جیبوں سے نکالے جائیں گے۔ جبکہ واضح رہے کہ اپنے حالیہ ایک بیان میں آئی ایم ایف بھی یہ کہہ چکا کہ پاکستان نے بجلی وگیس کی قیمتیں بروقت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے،عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)نے پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کے بعد اپنے جاری کردہ اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان نے توانائی کی قیمتیں بڑھا کر گردشی قرض میں اضافہ روکنے کا عزم ظاہرکیا ہے۔

جبکہ 2 روز قبل ہی نیپرا میں بجلی مہنگی کرنے کی ایک اور درخواست بھی دائر کی جا چکی۔ 19 مارچ کو بجلی 5روپے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی گئی۔ بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر40ارب کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے،سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست جمع کروا ئی ہے،نیپرا درخواست پر 28 مارچ کو سماعت کرے گا ۔