سوشل میڈیا رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے،متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا افطار ڈنرکے بعد خطاب

منگل 26 مارچ 2024 00:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم اور کام کرنے والے 18 لاکھ پاکستانی 18 لاکھ خاندانوں کی روزی کا ذریعہ ہیں، پاکستانی کمیونٹی کے ارکان پاکستان کی مثبت نمائندگی کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں، ہمیں مل جل کر متحدہ عرب امارات میں ایک کثیر الثقافتی، کثیر النسل اور کثیر المذہبی معاشرے میں رہتے ہوئے پاکستان کا ایک مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔

وہ پیر کو یہاں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ افطار ڈنرکے بعد خطاب کر رہے تھے۔دبئی حکومت کے ’’ایمریٹس لو پاکستان‘‘ کے عنوان سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو سراہتے ہوئے سفیر نے کہا کہ سوشل میڈیا آج کی دنیا میں کمیونیکیشن، معلومات کے تبادلے اور نیٹ ورکنگ کی سہولت فراہم کر کے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ممبران کو ایک مثالی طرز عمل کا مظاہرہ کرنے کی تعلیم دینے میں اپنا موثر کردار ادا کریں اور یو اے ای کے قوانین، اصولوں اور روایات اور اس کی پالیسیوں کا احترام کریں۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تاریخی تعلقات استوار ہیں اور ہم سب کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔قونصل جنرل حسین محمد اور قونصلیٹ کے دیگر حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔