خیبرپختونخوا اسمبلی میں حلف نہ لینے کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل آفس نے اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا

منگل 26 مارچ 2024 15:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہ لینے کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل آفس نے پشاور ہائیکورٹ اور محکمہ قانون میں اپنا جواب جمع کرا دیا۔ جس میں کہا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کی حلف برادری کے لیے اجلاس طلب نہیں کرسکتا، ایڈووکیٹ جنرل آفس نے عدالت میں جواب جمع کروایا اور سیکرٹری قانون کو بھی کاپی ارسال کردی۔

دستاویز کے مطابق گورنر خود سے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب نہیں کرسکتا۔ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق اسمبلی اجلاس وزیراعلیٰ کی ایڈوائس یا ریکوزیشن پر طلب کیا جاسکتا ہے، گورنرکی جانب سے اجلاس طلب کرنا غیرآئینی عمل تھا اس لئےعمل نہیں ہوسکتا۔جواب میں مزید کہا گیا کہ گورنر انتخابات کے بعد پہلا اجلاس خود سے طلب کرسکتا ہے، اس کے علاوہ گورنر عدم اعتماد تحریک کی صورت میں بھی خود اجلاس طلب کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ جنرل آفس کے مطابق موجودہ صورتحال میں گورنر نے اختیارات کا غلط استعمال کیا، اپوزیشن لیڈر کی اجلاس طلب کرنے کے معاملے میں مداخلت بھی غلط ہے۔ محکمہ قانون نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کا جواب اسمبلی سیکریٹریٹ کو بھی بھیج دیا ہے۔سپیکر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل کے رائے کو مد نظر رکھ کر ہائیکورٹ میں جواب جمع کرینگے۔واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے بدھ تک جواب طلب کر رکھا ہے۔